لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانا اور خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی آرٹسٹ کی رجسٹریشن نہیں ہوئی، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں تھیٹر فنکاروں کے لیے ڈریس کوڈ اور باقاعدہ قوانین موجود ہیں۔ دیگر ممالک میں فنکاروں کے لیے ضابطہ کار بنایا گیا ہے جس کے تحت تھیٹر کے معیار کو برقرار رکھا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹر سے متعلق پیش کیا گیا بل تمام متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر کیا گیا تھا، لیکن ایوان میں اس پر بحث بل پڑھے بغیر کی گئی۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے تھیٹر کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کو اعتماد میں لے کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو منشیات کے استعمال سے روکنے کے لیے آگاہی پر مبنی ڈرامے تیار کیے جائیں، جبکہ ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانے والے بچوں کو اس عمل کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے بھی خصوصی ڈرامے بنائے جائیں۔




