استنبول: یورپی یونین کی جانب سے ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد پر ممکنہ پابندیوں نے ترکی کی آٹو موبائل صنعت کو تشویش میں مبتلا کردیا۔ چین سے درآمد ہونے والی گاڑیوں کو محدود کرنے کے لیے شروع کی گئی تحقیقات کے اثرات ترکی کی یورپ کو گاڑیوں کی برآمدات پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
ترکی کی آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (OSD) نے یورپی کمیشن سے باضابطہ طور پر تحقیقات میں فریق بننے کی درخواست کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ترک آٹو موبائل صنعت کا مؤقف پیش کرنا اور ممکنہ پابندیوں کے خلاف اپنے تحفظات سے یورپی حکام کو آگاہ کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد کے لیے سالانہ کوٹہ مقرر کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ مقررہ حد سے زیادہ گاڑیاں درآمد کرنے پر اضافی کسٹم ڈیوٹی عائد کی جاسکتی ہے۔
ترکی کے لیے یہ معاملہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ملک کی مجموعی گاڑیوں کی برآمدات میں ہائبرڈ ماڈلز کا حصہ تقریباً 50 فیصد ہے۔ ترکی میں تیار ہونے والی متعدد ہائبرڈ گاڑیاں براہ راست یورپی منڈیوں میں فروخت کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔
ترک آٹو انڈسٹری کا مؤقف ہے کہ چین کے ساتھ ترکی کی پوزیشن مختلف ہے، کیونکہ ترکی کئی دہائیوں سے یورپی آٹو موبائل صنعت کے پیداواری اور سپلائی نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
دوسری جانب جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور روس کی متعلقہ تنظیمیں بھی یورپی یونین کی تحقیقات میں شرکت کی خواہاں ہیں۔
ممکنہ پابندیوں سے ترکی کی برآمدات کے علاوہ یورپ کے لیے گاڑیاں تیار کرنے والی عالمی کمپنیوں کے پیداواری منصوبے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ ترکی اس معاملے کے ساتھ یورپی یونین کے مجوزہ ’میڈ اِن یورپ‘ منصوبے پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔




