پاکستان
Trending

ٹرمپ کی چین میں موجودگی، شی جن پنگ اور پیوٹن کا مغرب کو واضح پیغام، عالمی طاقتوں کی اہم بیٹھک آج متوقع

 

شینزن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین آمد کے ساتھ عالمی سیاسی منظرنامے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہوگئیں۔ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کی تجارتی تحفظ پسندی اور اقتصادی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے آزاد تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شی جن پنگ اور پیوٹن نے چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (APEC) کے اجلاس سے خطاب کیا۔ دونوں رہنماؤں کے بیانات ٹرمپ کی چین آمد سے چند گھنٹے قبل سامنے آئے، جو فلپائن میں علاقائی اتحادیوں سے ملاقاتوں کے بعد چین پہنچے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی تجارت کو آزاد اور کھلا رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے تجارتی تحفظ پسندی کے خلاف مؤقف اختیار کیا۔ ان کا خطاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے چین کی جدید مصنوعی ذہانت کی چِپس تک رسائی محدود کرنے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کی اقتصادی پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے مغربی طاقتوں کو سابق بالادست قوتیں قرار دیا اور پابندیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔

ادھرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم سہ فریقی ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات کو عالمی تجارت، ٹیکنالوجی، اقتصادی پابندیوں اور بڑی طاقتوں کے تعلقات کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق عالمی سطح پر چھوٹے ممالک بھی ان سفارتی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں چھوٹے ممالک کے مفادات کو مناسب اہمیت نہ مل سکے۔

اب عالمی توجہ تینوں رہنماؤں کی متوقع ملاقات اور اس کے ممکنہ نتائج پر مرکوز ہے، جس سے امریکہ، چین اور روس کے تعلقات کی آئندہ سمت کے بارے میں اہم اشارے مل سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button