پاکستان
Trending

پورشے کی ایسی گاڑی جس کا ہدف ریس جیتنا نہیں، دو دہائیاں سڑکوں پر رہنا تھا

 

برلن:جرمن کار ساز کمپنی پورشے کی نصف صدی قبل تیار کردہ منفرد گاڑی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی۔ 1973 میں متعارف کرائی گئی پورشے FLA کو تیز رفتاری کے بجائے غیر معمولی مضبوطی اور طویل عمر کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جسے 20 سال تک چلانے اور 3 لاکھ کلومیٹر کا سفر مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا تھا۔

پورشے میوزیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس تاریخی گاڑی کو دوبارہ اجاگر کیا ہے۔ FLA کا نام طویل العمر گاڑی کے تحقیقی منصوبے سے ماخوذ ہے، جسے مغربی جرمنی کی وفاقی وزارتِ تحقیق کے تعاون سے تیار کیا گیا اور 1973 کے فرینکفرٹ موٹر شو میں پیش کیا گیا تھا۔

اس دور میں جرمنی کی عام گاڑی کی اوسط عمر تقریباً 10 سال تھی، لیکن پورشے نے ایسی گاڑی بنانے کا تصور پیش کیا جو اس سے دوگنا عرصہ استعمال کے قابل رہے۔ کمپنی کے تخمینے کے مطابق اس کی قیمت عام گاڑی سے 30 فیصد زیادہ ہوتی، تاہم استعمال اور دیکھ بھال کے اخراجات تقریباً 15 فیصد کم رہتے۔

گاڑی میں 2.5 لیٹر کا چار سلنڈر انجن نصب کیا گیا تھا، جس کی رفتار 4 ہزار آر پی ایم تک محدود رکھی گئی تاکہ انجن اور ٹرانسمیشن پر دباؤ کم رہے۔ مضبوط بیرنگز، خصوصی گیئرز، الیکٹرانک اگنیشن اور زنگ سے محفوظ ایگزاسٹ سسٹم بھی اس کی خصوصیات میں شامل تھے۔

FLA کی تیاری میں ایلومینیم اور اسٹین لیس اسٹیل جیسے پائیدار مواد کو ترجیح دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ خراشوں سے محفوظ شیشہ، کم دیکھ بھال والی بیٹری اور آسان مرمت کے لیے خصوصی وائرنگ سسٹم بھی تجویز کیا گیا تھا۔

پورشے نے اس تحقیقی منصوبے کے بعض تصورات کو بعد میں اپنی پیداواری گاڑیوں میں بھی شامل کیا۔ 1975 میں کمپنی نے 911 ماڈل میں زنگ سے محفوظ گیلوانائزڈ باڈی پینلز متعارف کرائے، جو گاڑیوں کی پائیداری میں اہم پیش رفت تھی۔

یورپی آٹو موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق 2024 میں یورپی یونین کی سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی اوسط عمر 12.7 سال ہوگئی۔ دوسری جانب پورشے کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کی اب تک تیار کردہ 70 فیصد سے زائد گاڑیاں آج بھی سڑکوں پر موجود ہیں۔

پورشے کا 53 سال پرانا یہ تحقیقی منصوبہ آج بھی آٹو موبائل انڈسٹری کے لیے ایک اہم مثال ہے، جس میں گاڑی کی رفتار سے زیادہ اس کی مضبوطی، طویل عمر اور کم دیکھ بھال کے اخراجات کو ترجیح دی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button