کیلیفورنیا:امریکی ریاست کیلیفورنیا نے ویمو کی خودکار ڈرائیونگ گاڑیوں کو ریاست کی تمام فری ویز پر چلانے اور ٹیسٹ کرنے سے روک دیا۔ حکام نے حالیہ واقعات کو عوامی تحفظ کے لیے فوری خطرہ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ فیصلہ ویمو کی گاڑیوں کے دو مسلسل دن پیش آنے والے واقعات کے بعد کیا گیا۔ 5 نومبر کو کمپنی کی تین بغیر ڈرائیور گاڑیاں سان فرانسسکو کے جنوب میں تعمیراتی کام کے باعث بند کیے گئے علاقے میں داخل ہوگئی تھیں۔
اگلے روز سان فرانسسکو کی ایک شاہراہ پر بھی ویمو کی گاڑی نے ہائی وے پٹرول کی کارروائی کے دوران ٹریفک روکنے کے لیے کھڑی پولیس گاڑیوں کو عبور کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔
کیلیفورنیا کے محکمہ موٹر وہیکلز کے ترجمان جوناتھن گروو مین کے مطابق پابندی کے تحت ویمو کی خودکار گاڑیوں کو ریاست کی کسی بھی فری وے پر چلانے یا ان کی آزمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات کے بعد خودکار گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ اس فیصلے نے بغیر ڈرائیور گاڑیوں کی ٹیکنالوجی اور عوامی تحفظ کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔




