اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی مفادات کے فروغ اور صنعت، زراعت و آئی ٹی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کا کردار اہم رہا ہے، اور اعتماد کرنے پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سرمایہ کاروں کی شکایات کے ازالے اور مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے گا، دفتری پیچیدگیاں ختم کی جائیں گی اور تمام شعبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم کے مطابق 2023 میں ڈیفالٹ کے سنگین خطرے کے بعد عوامی قربانیوں اور مشترکہ کوششوں سے معاشی استحکام کی طرف پیش رفت ہوئی، جس پر آئی ایم ایف نے بھی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی و خلیجی بحران اور 90 فیصد سے زائد توانائی درآمد کرنے کے باوجود معاشی استحکام برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ کمزور طبقات کے لیے سبسڈی پروگرام، خواتین و یتیموں کی معاونت، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف اور بجٹ میں 400 ارب روپے کی ٹیکس رعایتوں سے برآمدات، مینوفیکچرنگ اور کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر پر عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، زراعت 6 ماہ میں معیشت کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، لائیواسٹاک میں وسیع امکانات موجود ہیں اور آٹوموبائل انڈسٹری میں 60 سالہ مراعات کے ساتھ مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری کا تناسب 50 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور فنی و تکنیکی تربیت کے ذریعے بااختیار اور ہنر مند بنانا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ معاشی منزل کے حصول کے لیے قربانی، محنت، مستقل مزاجی اور سیاسی و عسکری قیادت کی شراکت داری ناگزیر ہے۔




