رسالپور: پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا دنیا اعتراف کرتی ہے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک نیول چیف نے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور کامیاب کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے جنگ کے روایتی طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے، اور مسلح افواج نئے چیلنجز اور بدلتے رجحانات سے آگاہ ہو کر ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی تاریخ کامیابیوں سے بھرپور ہے اور عوام کا اعتماد افواج پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ نیول چیف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مضبوط فضائی دفاع سے متعلق قول کا حوالہ دیا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری کا بھی ذکر کیا۔
سربراہ پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ میں جدت لانے اور اسے مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور معرکہ حق کے دوران بحریہ نے دشمن کو جارحیت سے باز رکھا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے۔




