نیویارک :ڈیجیٹل نظام میں خرابیاں کوئی نئی بات نہیں، لیکن حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعات کی کثرت غیر معمولی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں مائیکروسافٹ کے بڑے تعطل کے ساتھ ساتھ امریکا میں پروازوں کے گھنٹوں معطل ہونے، نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے مسائل، بڑے امریکی بینکوں کی خرابیوں اور ایک مقبول پروگرامنگ لینگویج میں بڑی خامی کی نشاندہی نے کئی سوالات جنم دیے ہیں۔
یہ سب الگ الگ معاملات ہیں، تاہم اتنے قریب قریب رونما ہونے سے یہ تاثر ابھرا کہ ان میں کوئی ربط ہو سکتا ہے۔ اگرچہ کوئی ثبوت نہیں ملا، مگر یہ واقعات جدید ٹیکنالوجی کے نظام اور اس کی کمزور کڑیوں کو نمایاں کرتے ہیں۔
کئی تعطل سسٹم اپ ڈیٹ یا انسٹالیشن میں خرابی کے باعث پیدا ہوئے۔ مائیکروسافٹ میں نیٹ ورک اپ گریڈ سے سرورز پر بوجھ بڑھا اور وہ بند ہو گئے، جبکہ ویک اینڈ پر امریکا میں پروازوں کے تعطل کی وجہ ایک پرانے نیٹ ورک میں کی جانے والی اپ گریڈز بنی۔
این ایس اے کے اندرونی کمیونیکیشن سسٹم اور الگ سے ایپل کے آئی کلاؤڈ اور ایپل پے میں آنے والی رکاوٹوں کو بھی سسٹم اپ ڈیٹس کے دوران ہونے والی خرابیوں کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔ امریکی بینکوں میں ادائیگیوں کے نظام میں خلل کی وجہ جے پی مورگن چیز کا "سافٹ ویئر بگ” بتائی گئی ہے اور بینک نے اسے سائبر سیکیورٹی واقعہ قرار نہیں دیا۔
دوسری جانب چند واقعات سائبر سیکیورٹی کی خامیوں سے جڑے تھے۔ تیسری بڑی پروگرامنگ لینگویج ‘جاوا’ میں خامیاں تلاش کرنے میں اے آئی کا استعمال کیا گیا، جبکہ محقق اسکاٹ ہیلم نے بڑے کاروباری پلیٹ فارم ‘آپٹیمائزلی’ میں بدنیتی پر مبنی کوڈ پکڑا، جس کے ذریعے حملہ آور نکالے جانے سے قبل تقریباً 7 ہزار ڈالر (5 ہزار 300 پاؤنڈ) کی کرپٹو کرنسی چرا چکے تھے۔
سائبر واقعات کے حوالے سے ماہرین نئے اے آئی ماڈلز کے اثر پر غور کر رہے ہیں۔ اسکاٹ ہیلم نے بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام ‘ٹوڈے’ میں کہا کہ اگر ان سائبر حملوں کے پیچھے موجود افراد اپنی کارروائی تیز کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال نہ کر رہے ہوں تو انہیں بڑی حیرت ہوگی۔ گرمیوں سے اینتھروپک اور اوپن اے آئی جیسی کمپنیوں نے خطرات کے خدشے کے پیشِ نظر انتہائی جدید ماڈلز عام لوگوں کے لیے کھولنے سے پہلے صرف مخصوص اداروں اور کمپنیوں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔




