پاکستان
Trending

آسیان ریجنل فورم کی مشترکہ سربراہی، تجارتی مواقع اور کشیدگی میں کمی پر اتفاق: اسحاق ڈار و سیکرٹری جنرل آسیان

 

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکرٹری جنرل آسیان ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل آسیان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسیان کے تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، اور پاکستان اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق وفود کی سطح پر مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی اور سماجی و ثقافتی تعاون کے ساتھ تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی و عالمی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے غزہ کے عوام کو انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی فوری یقینی بنانے پر زور دیا، کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پائیدار حل ضروری ہے، اور بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنا عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

سیکرٹری جنرل آسیان ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع پاکستان اور آسیان تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے کے لیے اہم ہے، اور اقتصادی تعاون و عوامی روابط بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور آسیان کی مشترکہ منڈی تقریباً 95 کروڑ افراد پر مشتمل ہے، اور تجارت، سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ اور پائیدار زراعت میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔

ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے کہا کہ پاکستان آسیان ریجنل فورم میں فعال کردار ادا کر رہا ہے اور وہ 2026 سے 2029 تک اس فورم میں پاکستان کی مشترکہ سربراہی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیان کے ادارے تربیت، تکنیکی تعاون اور معلومات کے تبادلے کے اہم پلیٹ فارم ہیں، پاکستان کی مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں قابل قدر ہیں، جبکہ علاقائی و عالمی امن کے لیے عالمی قانون کی پاسداری ضروری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button