پاکستان
Trending

قدیم تہذیبوں کی سرزمین کو نیا خطرہ، موسمیاتی تبدیلی تاریخی ورثے کے لیے چیلنج بن گئی، مصدق ملک

 

نئی دہلی: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین صدیوں پرانی تہذیبوں اور ثقافتی روایات کا مرکز رہی ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی اب اس تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔

نئی دہلی میں ایس سی او سولائزیشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کا امین ہے، جبکہ اس کے تہذیبی روابط وسطی ایشیا، فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔

مصدق ملک نے دہلی کے تاریخی قلعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیا سے آنے والے ہمایوں نے اس کی بنیاد رکھی، جبکہ ان کے حریف شیر شاہ سوری بھی اسی قلعے کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق مختلف ادوار کے حکمرانوں نے مل کر تاریخی ورثے کو تشکیل دیا۔

وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی تہذیبوں اور تاریخی ورثے کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب مصدق ملک نے نئی دہلی میں ایرانی وفد سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ایرانی وفد کی قیادت اسلامی ثقافت و تعلقات تنظیم کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی نے کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button