لندن: ریاضی کی دنیا میں ایک غیر معمولی پیش رفت کا دعویٰ سامنے آیا ہے، مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹ ’’کلاڈ‘‘ کی مدد سے تقریباً 170 سال پرانے ریمن مفروضے کا ثبوت تیار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اینتھروپک کمپنی کے ملازم اور ریاضی دان لیونٹ الپوگے کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً چھ ہفتوں کی محنت کے بعد کلاڈ اے آئی کے ذریعے اس پیچیدہ ریاضیاتی مسئلے کا تفصیلی ثبوت تیار کیا۔ اس کام کے لیے کلاڈ کا ایک غیر عوامی ورژن استعمال کیا گیا۔
ریمن مفروضہ 1859 میں جرمن ریاضی دان برنہارڈ ریمن نے پیش کیا تھا۔ اس کا تعلق بنیادی اعداد کی تقسیم اور ترتیب سے ہے۔ یہ ریاضی کے سب سے مشہور اور مشکل مسائل میں شمار ہوتا ہے اور ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے سے دنیا بھر کے ریاضی دان اس کا حل تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق بنیادی اعداد ریاضی کے اہم ترین تصورات میں شامل ہیں اور ان سے متعلق کسی بڑی پیش رفت کے اثرات ریاضی کے متعدد شعبوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں کی جانب سے حالیہ مہینوں میں بھی ریاضی کے پیچیدہ مسائل حل کرنے کے دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم ریمن مفروضے کے حوالے سے پیش کیے گئے ثبوت کی آزادانہ تصدیق ابھی باقی ہے۔
اگر ریاضی کے ماہرین اس ثبوت کو درست قرار دے دیتے ہیں تو یہ مصنوعی ذہانت اور ریاضی کی تاریخ میں ایک غیر معمولی سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔




