پاکستان
Trending

ایران امریکا کشیدگی کا حل صرف مذاکرات ہیں، پاکستان امریکا اور چین سے متوازن تعلقات رکھے گا: اسحاق ڈار

 

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور امریکا و چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔

یورو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔ دنیا طویل جنگوں اور توانائی کی ترسیل میں رکاوٹوں کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

افغانستان سے متعلق نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ اور داعش جیسے گروہوں کے خلاف عملی اور قابلِ تصدیق کارروائی ضروری ہے۔

بھارت کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی بحالی کا انحصار بھارت کے طرز عمل پر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔

معاشی صورتحال پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، قرضوں کے جال میں پھنسنے کا تاثر درست نہیں۔ معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاقِ معیشت پر دستخط کرنے چاہئیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور زراعت پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان کی بنیادی ترجیحات میں معاشی ترقی، علاقائی امن اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button