بین الاقوامی
Trending

سمندر کی تہہ میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش، پاکستان کے لیے نئی امید روشن

 

کراچی: پاکستان کے سمندری علاقوں میں توانائی کے ممکنہ خزانوں کی تلاش کا اہم مرحلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔ ترکی کا جدید تحقیقاتی جہاز ’’اوروچ رئیس‘‘ کراچی پہنچ گیا، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سمندر کی تہہ میں تیل اور قدرتی گیس کے ممکنہ ذخائر کا سراغ لگائے گا۔

ترک تحقیقاتی جہاز انڈس اور مکران بیسن میں سروے کرے گا۔ ترک کمپنی ٹی پی اے او انڈس سی بلاک کے 670 مربع کلومیٹر علاقے میں تھری ڈی سیسمک ڈیٹا جمع کرے گی، جس پر تقریباً 52 دن لگیں گے۔

اس ٹیکنالوجی کے ذریعے سمندر کی تہہ کے نیچے موجود چٹانی ساختوں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ایسے مقامات کی نشاندہی ہو سکے جہاں تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ان ذخائر کی حتمی تصدیق ڈرلنگ کے بعد ہی ہو سکے گی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق سروے کے نتائج کی بنیاد پر اگلے سال کے اوائل میں ڈرلنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی منصوبے کو پاکستان کے آف شور توانائی پروگرام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

اگر سروے کے بعد تیل و گیس کے تجارتی ذخائر دریافت ہوتے ہیں تو پاکستان کے لیے توانائی کے شعبے میں ایک نئی راہ کھل سکتی ہے۔ فی الحال امیدوں کا مرکز سمندر کی گہرائیوں سے حاصل ہونے والا تحقیقی ڈیٹا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button