نیویارک : معروف آٹو میگزین کار اینڈ ڈرائیور نے دنیا کے چار بڑے آٹو برانڈز کی طاقتور لگژری ایس یو ویز کا تقابلی جائزہ جاری کردیا، جس میں آؤڈی SQ5، بی ایم ڈبلیو X3 M50، جینیسس GV70 اور مرسڈیز-AMG GLC53 کی کارکردگی، ڈیزائن، آرام اور قیمت کا جائزہ لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان چاروں گاڑیوں میں مرسڈیز-AMG GLC53 سب سے زیادہ طاقتور ہے، جو 443 ہارس پاور پیدا کرنے والے 3.0 لیٹر انجن سے لیس ہے۔ بی ایم ڈبلیو X3 M50 میں 393 ہارس پاور، جینیسس GV70 میں 375 ہارس پاور جبکہ آؤڈی SQ5 میں 362 ہارس پاور کا انجن نصب ہے۔
قیمت کے اعتبار سے بی ایم ڈبلیو X3 M50 سب سے کم قیمت والی گاڑی ہے، جس کی مکمل اضافی سہولیات سمیت قیمت 72 ہزار 50 ڈالر ہے۔ جینیسس GV70 کی قیمت 73 ہزار 895 ڈالر، آؤڈی SQ5 کی 76 ہزار 370 ڈالر اور مرسڈیز-AMG GLC53 کی قیمت 85 ہزار 920 ڈالر ہے۔
جائزے میں مرسڈیز کے اندرونی حصے اور معیاری ڈیزائن کو نمایاں قرار دیا گیا، جبکہ جینیسس GV70 کی ظاہری خوبصورتی کو بھی سراہا گیا۔ آؤڈی SQ5 اپنی آرام دہ نشستوں اور بہتر ڈرائیونگ صلاحیت کے باعث توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی، تاہم اس کی پچھلی نشستوں میں جگہ نسبتاً کم پائی گئی۔
بی ایم ڈبلیو X3 M50 میں کشادہ نشستوں اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولت موجود ہے، تاہم اس کے اندرونی ڈیزائن اور بعض کنٹرولز کے استعمال کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ مرسڈیز میں سامان رکھنے کی محدود جگہ اور بڑے سینٹر کنسول کو بھی قابلِ توجہ خامیاں قرار دیا گیا۔




