سیئول:جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے اپنے پہلے ہیومینائیڈ روبوٹ کی تیاری میں اہم پیش رفت کرلی ہے۔ کمپنی آئندہ سال جنوری میں لاس ویگاس میں ہونے والی عالمی ٹیکنالوجی نمائش کے دوران روبوٹ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سام سنگ نے گزشتہ ہفتے روبوٹ کا پروٹوٹائپ اپنے بورڈ کے سامنے پیش کیا۔ سیئول میں کمپنی کے روبوٹکس ریسرچ سینٹر میں ہونے والے مظاہرے کے دوران روبوٹ کی جسمانی حرکات، ہاتھوں سے اشیا اٹھانے اور انہیں سنبھالنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی ہیومینائیڈ روبوٹ کے ہاتھوں کی مہارت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ انہیں صنعتی پیداواری عمل میں مؤثر انداز سے استعمال کیا جاسکے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ فیکٹریوں میں روبوٹس کی تعیناتی کے لیے انتہائی اعلیٰ درجے کی درستگی اور قابل اعتماد کارکردگی ضروری ہے۔
کمپنی نے 2030 تک اپنی فیکٹریوں کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے جدید پیداواری مراکز میں تبدیل کرنے اور مینوفیکچرنگ کے عمل میں ہیومینائیڈ روبوٹس متعارف کرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔




