اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے ذریعے شہریوں کو مالی سہولت فراہم کرنے کا عمل بلاتعطل جاری ہے، جس سے اب تک ایک کروڑ 84 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے سبب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں، تاہم وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر عوام کو اس مہنگائی کے براہِ راست اثرات سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔
ان کے مطابق حکومت نے فیول سبسڈی کی مد میں اب تک 52 ارب روپے جاری کیے ہیں اور 10 کروڑ سے زائد فیول ٹوکن فراہم کیے جا چکے ہیں، جن کا فائدہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو پہنچ رہا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے مستحق شہریوں کی نشاندہی کر کے ٹارگٹڈ سبسڈی یقینی بنائی گئی تاکہ سرکاری وسائل کا شفاف اور بہتر استعمال ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے متعلقہ محکموں کے روزانہ اجلاس منعقد کیے گئے، جبکہ صوبوں کے بھرپور تعاون سے ملک کے ہر حصے میں شہریوں کے لیے اس سہولت تک رسائی آسان بنائی گئی۔




