پاکستان

لاہور: فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں فضائی آلودگی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق، لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 437 تک پہنچ گئی ہے، جو شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی سطح انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 667، گورنمنٹ کالج کے اطراف 649، ساندہ روڈ 663، مراتب علی روڈ 605، پنجاب یونیورسٹی 554، ماڈل ٹاؤن 503، شالیمار 498 اور کینٹ کا اے کیو آئی 445 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار "خطرناک زون” میں شامل ہیں، جو کہ شہریوں کی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 639، فیصل آباد میں 460 اور ملتان میں 429 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر بھارت کے دارالحکومت دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 678 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی ان کی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور صبح کے اوقات میں کھلی فضا میں باہر جانے سے پرہیز کریں۔

موسمیاتی اداروں کے مطابق لاہور کا آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور فضا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button