پاکستان
Trending

ایران میں قیادت کی تبدیلی: وزیراعظم شہباز شریف کا نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو تہنیتی خط

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں انہیں عظیم تر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔وزیراعظم نے اپنے خط میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن گھڑی میں پاکستانی عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے خط میں اس امید کا اظہار کیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کی بصیرت افروز قیادت میں ایران امن، استحکام اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر استوار ہیں۔ پاکستان دونوں برادر ممالک کے وسیع تر مفاد میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ سفارتی رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ حالیہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سابق سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو دو روز قبل ہی ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیل کی جانب سے نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر پاکستان کا یہ پیغام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button