اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان نے اپنے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر تجارتی معاہدہ کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر ٹیرف کی شرح میں نمایاں کمی کریں گے۔
معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں افغان ڈپٹی وزیر تجارت ملا احمد اللہ زاہد اور پاکستان کے سیکریٹری تجارت جواد پال نے شرکت کی اور معاہدے پر دستخط کیے۔
دونوں ممالک نے ٹیرف کی شرح کو 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ معاہدہ یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے مؤثر رہے گا۔
معاہدے کے تحت پاکستان افغانستان سے انگور، انار، سیب اور ٹماٹر کی درآمدات پر ڈیوٹی میں کمی کرے گا، جبکہ افغانستان پاکستان سے آم، کینو، کیلے اور آلو پر ٹیرف میں کمی کرے گا۔
توقع ہے کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا اور خطے میں اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔




