کراچی:سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 30 جولائی کو طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ زری پالیسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اسی روز پریس کانفرنس میں نئی پالیسی کا اعلان کریں گے۔
ادھر بزنس کمیونٹی نے اسٹیٹ بینک سے شرح سود میں فوری کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ بلند شرح سود سے صنعتی شعبہ مشکلات کا شکار ہے جبکہ نئی سرمایہ کاری بھی جمود کا شکار ہے۔
بزنس کمیونٹی کا مؤقف
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی حالیہ شرح کم ہو کر 3.2 فیصد پر آ چکی ہے، ایسے میں بلند شرح سود بلاجواز ہے۔
شرح سود سنگل ڈیجٹ میں لانے سے صنعت کو سہارا ملے گا۔
بلند شرح سود کاروباری لاگت بڑھا رہا ہے اور روزگار کے مواقع بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
تاجروں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ معاشی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود کو فوری طور پر کم کیا جائے اور سنگل ڈیجٹ تک لایا جائے۔




