نیویارک کے مڈٹاؤن مین ہٹن میں واقع ایک بلند عمارت میں فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں خوف کی فضا پیدا کر دی۔ ایک مسلح شخص نے اندھا دھند گولیاں چلا کر پولیس اہلکار سمیت پانچ جانیں لے لیں، بعد ازاں وہ خود بھی ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ ایک 634 فٹ بلند عمارت میں پیش آیا جو پارک ایونیو پر واقع ہے۔ عمارت میں نیشنل فٹ بال لیگ (NFL) اور بلیک اسٹون سمیت دیگر بڑی کمپنیوں کے دفاتر واقع ہیں۔ غیر معمولی سیکیورٹی کے باوجود ایک مشتبہ شخص لمبی بندوق کے ساتھ عمارت میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کمشنر کے مطابق حملہ آور تنہا تھا اور اس کی شناخت 27 سالہ لاس ویگاس کے رہائشی کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ ہوائی میں پیدا ہوا اور بعد ازاں نیواڈا منتقل ہو گیا تھا۔ حملہ آور کے پاس ہینڈ گن کا لائسنس اور پرائیویٹ تفتیش کار کا پرانا لائسنس موجود تھا، جو غیر فعال ہو چکا تھا۔

واقعے کے بعد حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک پولیس افسر اور دوسرے شہری کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم ایک متاثرہ فرد کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کا کوئی مجرمانہ پس منظر سامنے نہیں آیا۔ یہ واقعہ 2025 کے دوران امریکا میں فائرنگ سے ہلاکتوں کا 254 واں واقعہ ہے، جو ملک میں بڑھتے ہوئے اسلحہ کلچر اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی چیلنجز کی نشاندہی کرتا ہے۔




