اسلام آباد:پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کو مسخ کرنے اور باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی بھارتی عادت قرار دیا ہے۔ ترجمان نے بھارت کے "ایٹمی بلیک میل” کے الزامات کو غلط اور خود غرضانہ قرار دیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جس کا کمانڈ اور کنٹرول مکمل طور پر سول انتظامیہ کے تحت ہے، اور پاکستان ہمیشہ اس اہم معاملے میں احتیاط اور ضبط کا مظاہرہ کرتا آیا ہے۔ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کاوشیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، اور ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف مضبوط دفاع ہیں۔
ترجمان نے بھارت کی جانب سے تیسری جماعت کو معاملے میں لانے کی کوشش کو بھارت کی سفارتی کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فضول دباؤ ڈالنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ عالمی برادری کا ذمہ دار رکن رہتے ہوئے امن پسند رویہ اپنائے گا، لیکن بھارت کی کسی بھی جارحیت یا پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی صورت حال کی بگڑنے کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارتی قیادت پر ہوگی۔




