اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں، متاثرین کی بحالی اور آئندہ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں وفاقی حکومت کے تعاون سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
ملاقات کے دوران متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور عوام تک بروقت ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔




