لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ اور صوبے کو جنوبی ایشیا کا نمایاں اے آئی مرکز بنانے کے منصوبے پر مشاورت کی گئی۔
علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی، پنجاب کے مصنوعی ذہانت کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم اور ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں پنجاب میں قائم پہلے اے آئی فعال ڈیلیوری یونٹ اور اس کے ذریعے حکومتی کارکردگی اور عوامی خدمات کو جدید ٹیکنالوجی سے بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ منصوبے میں گورننس، عوامی خدمات، ٹیکنالوجی، مہارتوں اور اقتصادی سرگرمیوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے پنجاب میں حکومتی نظام کو مزید مؤثر، ڈیجیٹل اور عوام دوست بنایا جائے گا۔ حکومت نے 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔




