ٹوکیو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اپنے پانچ روزہ دورے کے پہلے دن تقریباً 16 گھنٹے تک کام کیا۔ انہوں نے صبح آٹھ بجے دورے کی سرگرمیاں شروع کیں اور رات بارہ بجے تک جاپانی حکام کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو میں مصروف رہیں۔
دورے کے دوران مریم نواز نے جاپان کے شہری ترقی کے مختلف اداروں کا دورہ کیا اور صاف پانی، سیوریج، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، ماحولیات کی بہتری اور زہریلے کاربن سے عوام کی حفاظت کے جاپانی طریقے سیکھے۔
انہوں نے تاریخی صنعتی شہر یوکوہاما کا بھی جائزہ لیا جہاں جاپان نے ساحل کے کنارے آباد اس شہر کو جدید صنعتی مرکز میں تبدیل کیا ہے۔ مریم نواز نے لاہور اور پنجاب کے دیگر صنعتی شہروں کو جدید بنانے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
اس کے علاوہ، انہوں نے قدیمی ’ریڈ برک ویئر ہاؤس‘ کا دورہ کیا اور محنت کش طبقے کے بچوں کو ہنر سکھانے والے مرکز کا بھی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تقریب میں بھی شرکت کی۔




