لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2025-26 کے سیزن کے لیے 30 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹس جاری کر دیے ہیں۔ یہ معاہدے یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک مؤثر ہوں گے۔
اس بار گزشتہ سال کے مقابلے میں تین کھلاڑی زیادہ شامل کیے گئے ہیں۔ 2024-25 میں 27 کھلاڑیوں کو کانٹریکٹس دیے گئے تھے، جبکہ اس بار تعداد بڑھا کر 30 کر دی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال اے کیٹیگری کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، حالانکہ پچھلے سال اس کیٹیگری میں بابر اعظم اور محمد رضوان شامل تھے۔
12 نئے کھلاڑی شامل
اس بار 12 کھلاڑی پہلی بار سینٹرل کانٹریکٹس میں شامل کیے گئے ہیں، جن میں احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا صوفیان مقیم اور حسن علی شامل ہیں۔
بی کیٹیگری میں شاہین شاہ، فخر زمان، شاداب خان،بابر اعظم، محمد رضوان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل کیے گئے ہیں۔
سی کیٹیگری میں سعود شکیل، فہیم اشرف، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، حسن نواز، نعمان علی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔
ڈی کیٹیگری میں محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد اور صوفیان مقیم کو رکھا گیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ تمام کانٹریکٹس کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور مستقبل کے پلانز کو مدنظر رکھتے ہوئے دیے گئے ہیں، اور اس فیصلے سے قومی ٹیم کو مزید مضبوط بنانے کی امید ہے۔




