پاکستان

خیبر پختونخوا: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

بونیر : خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد پاک فوج نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کر دیا ہے۔ شدید متاثرہ علاقوں میں شانگلہ، بونیر اور صوابی شامل ہیں جہاں پاک فوج کے انجینئرز کور اور امدادی ٹیمیں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقوں ڈلورائی، سرکوئی اور بادہ میں فوجی اہلکاروں نے فوری رسپانس کے تحت متاثرہ مقامات پر پہنچ کر سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا۔ پیر بابا بائی پاس کو صاف کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا عمل جاری رہا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسی طرح، گوکند گاؤں جانے والی سڑک کو تین مختلف مقامات پر سے لینڈ سلائیڈنگ ہٹا کر بحال کیا گیا، جبکہ آلوچ پران روڈ بھی آرمی انجینئرز کی بھاری مشینری کے ذریعے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی بھاری مشینری کے ساتھ بھرپور انداز میں سرگرم ہیں۔ بیشونی اور قادر نگر میں جاری ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک پانچ افراد کی لاشیں نالے سے نکالی جا چکی ہیں۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button