ٹوکیو:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ ٹوکیو میں جاپان کی وزارت صنعت، تجارت اور معیشت میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں بشمول ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، ماحولیات، صحت عامہ اور آئی ٹی میں جاپانی ٹیکنالوجی متعارف کروانے پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔
مریم نواز شریف نے جاپان کو پنجاب میں ہائیڈروجن اور ہائبرڈ کاروں کی تیاری اور اسمبلنگ کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی ساختہ ٹریکٹرز، سپر سیڈرز، تھریشرز اور جدید زرعی مشینری پنجاب کے کسانوں کو فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے جاپانی کمپنیوں کو پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ ساتھ ہی انہوں نے پنجاب کے کسانوں کے لیے ایک چھت تلے تمام زرعی اشیاء، آلات اور مشینری کی فراہمی کے اپنے منصوبے سے جاپان کے وزیر کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سہولت ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے تمام رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور وفاقی سطح پر قائم ’ایس آئی ایف سی‘ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کی ضمانت ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں ایک سازگار سرمایہ کاری کا ماحول تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نیے شعبوں جیسے اے آئی، روبوٹکس اور گیمنگ میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں منصوبے شروع کرنے کی بھی دعوت دی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں جاپانی جدید ٹیکنالوجی اور علاج معالجے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ جاپان کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پنجاب میں ترقی کے عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں اور پنجاب کو ایک مثالی کاروباری مقام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پنجاب میں گرین انڈسٹریل زونز اور سمال انڈسٹریل زونز کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
جاپان کے نائب وزیر ماٹسویوٹاکی ہیکو نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور پنجاب حکومت کے جاپان سے تعاون بڑھانے کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے پنجاب میں کاروبار دوست اقدامات کی بھی تعریف کی۔




