ٹوکیو / لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں دنیا کے جدید ترین ٹریفک کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ٹریفک کنٹرول روم کے نظام، انفرا اسٹرکچر، اور استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹوکیو ٹریفک کنٹرول اور مانیٹرنگ کے لیے انفرا ریڈ ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا شہر ہے۔ یہاں سی سی ٹی وی کیمروں اور سڑکوں کے کنارے نصب جدید سینسرز کے ذریعے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیٹا کلیکشن، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹریفک خلاف ورزیوں جیسے اوور سپیڈنگ، لائن کی پابندی نہ کرنے اور سگنل کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے جدید نگرانی کے نظام کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ٹوکیو میں ٹریفک کنٹرول سسٹم موسم کی تبدیلیوں سے شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جاپان کے تجربات اور ٹیکنالوجی کو پنجاب میں شہری اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب کی پہلی "سمارٹ سٹی” بنایا جائے گا، جس کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں باقاعدہ فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں کے ٹریفک نظام کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے جوڑنے کا عمل جاری ہے، جبکہ سیف سٹی کیمروں کو بھی ٹریفک مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں اب تک 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔




