ٹوکیو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معروف جاپانی کمپنی موریناگا انٹرنیشنل کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کمپنی کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں بالخصوص تحقیق و ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
موریناگا کو نوازائدہ بچوں کی خوراک، دیگر بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار کے منصوبے پیش کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت حیوانات کی افزائش نسل اور معیاری گوشت کی پیداوار کے لیے جدید جاپانی مشینری اور جدید طریقوں کے استعمال میں مکمل تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ موریناگا کے تجربات کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لیے ماڈل بنایا جائے گا تاکہ مقامی پیداوار میں معیار اور مقدار دونوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ پنجاب حکومت ڈیری مصنوعات کے حوالے سے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے ملک میں چوتھے نمبر پر ہے اور پنجاب کا حصہ 60 فیصد ہے، جو ڈیری شعبے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ شیخوپورہ میں موریناگا کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے درمیان فلیگ شپ شراکت داری کی ایک مثال ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ڈیری سیکٹر میں 80 فیصد قدیم طریقے استعمال ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے پیداوار اور معیار دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔ موریناگا کی شراکت داری سے زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ پنجاب کی 63 فیصد آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔
مریم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ فارمولہ ملک نوازائدہ بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہے اور ایک ماں کی حیثیت سے بچوں کی صحت و نگہداشت ان کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جاپانی کمپنیوں کا خیرمقدم کرتی ہے اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی تاکہ خطے میں ڈیری کے شعبے کو نئی بلندیوں پر پہنچایا جا سکے۔




