پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھکسان شینا وترا کی عشائیہ تقریب

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ممتاز کاروباری شخصیت تھکسان شینا وترا نے عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں تھائی لینڈ کی کم عمر ترین پہلی خاتون سابق وزیر اعظم پائیتونگترن شینا وترا نے بھی شرکت کی۔

تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پرخلوص خیرمقدم کیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پنجاب کی ترقی کے وژن اور اقدامات کو سراہا۔

تھکسان شینا وترا نے کہا کہ آپ اور آپ کے والد کی عوامی جدوجہد بہت متاثر کن ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تھکسان شینا وترا اور پائیتونگترن شینا وترا کی تھائی لینڈ اور اس کے عوام کی ترقی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں آپ کی اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات کو باہمی احترام اور معاشی تعاون کی بنیاد پر مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا وژن جدت اور عوام کی خدمت پر مبنی ہے، اور تھائی لینڈ کی مدد سے اس ترقی کی رفتار کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا چاہتا ہے، اور تھائی لینڈ کی کاروباری برادری کو یہاں کی مراعات سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے علاقائی منڈیوں تک رسائی آسان ہے اور ثقافتی سفارت کاری، تعلیم اور سیاحت کے فروغ سے ہمارے عوام اور ممالک مزید قریب آ سکتے ہیں۔

مریم نواز شریف نے تھائی لینڈ میں متعارف کردہ اصلاحات کو ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی مثال قرار دیا اور کہا کہ ڈیجیٹل نیشن کے وژن پر چلتے ہوئے نوجوانوں کو جدید شعبوں میں ہنر مند بنایا جا رہا ہے۔

اختتامی کلمات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کا عشائیہ تقریب کے انتظامات پر شکریہ ادا کیا اور انہیں پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button