پاکستان

پاکستانی انٹیلیجینس نے مقبوضہ کشمیر میں را کے مذموم مقاصد کو بے نقاب کر دیا

اسلام آباد: پاکستانی انٹیلیجنس اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کی پشت پناہی میں جاری خطرناک سرگرمیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ایک اسپیشل انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ وادی میں کئی مقامات پر غیر مقامی دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جو را کے منصوبوں کے تحت کام کر رہے ہیں۔

انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق، یہ غیر مقامی دہشت گرد بھارتی قابض افواج کے اڈوں اور مورچوں کے قریب کھلے عام گھومتے دیکھے گئے ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں قابض فوج کے ٹریننگ ایریاز کے آس پاس بھی سرگرم پایا گیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع جنگلات میں خفیہ تربیتی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں ان دہشت گردوں کو تربیت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عناصر پشتو اور دری زبان میں بات کرتے ہیں، جس سے ان کے غیر مقامی اور ممکنہ طور پر غیر ملکی کرائے کے جنگجو ہونے کا شبہ مزید تقویت پکڑتا ہے۔ رپورٹ میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد یا تو کشمیری مزاحمتی گروہوں کے خلاف استعمال کیے جا سکتے ہیں یا پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے کسی "فالس فلیگ” آپریشن کا حصہ بنائے جا سکتے ہیں۔

پاکستان نے اس تمام صورتحال سے متعلق ایک خفیہ انٹیلیجنس رپورٹ تیار کرکے عالمی برادری اور دوست ممالک کے ساتھ شیئر کر دی ہے۔ مراسلے میں عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان مشکوک کیمپس، غیر ملکی جنگجوؤں کی موجودگی اور بھارت کے مذموم عزائم پر سوال اٹھائیں۔

پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسیاں اس وقت مقبوضہ کشمیر میں سرگرم ان خفیہ ٹریننگ کیمپس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مراسلے میں عالمی برادری کو خبردار کیا گیا ہے کہ بھارت کی یہ نئی سازش نہ صرف کشمیری عوام کے حقوق کو دبانے کی کوشش ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button