اسلام آباد : بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی فتح کی یاد میں اسلام آباد کے سیکٹر H-8 میں قومی یادگار ’’معرکہ حق‘‘ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ یادگار موجودہ پارک کو ایک جدید اور خوبصورت عوامی مقام میں تبدیل کرے گی۔
یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ سے لیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے ’’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘‘، جو قومی اتحاد اور مضبوطی کی علامت ہے۔ اس یادگار کی تعمیر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو سونپی گئی ہے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) نے زمین فراہم کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے یہ منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب یادگار کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی تھی، جس کے بعد کام میں مزید تیزی آئی ہے۔
یادگار ’’معرکہ حق‘‘ کا مقصد قومی اتحاد، قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور عوام میں فخر و جذبہ بیدار کرنا ہے۔ یہ یادگار نہ صرف خوبصورت بلکہ عالمی معیار کے میٹیریل اور تعمیراتی اصولوں کے مطابق تعمیر کی جا رہی ہے تاکہ دیرپا ہو۔




