وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کے درمیان اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
پیر کو ہونے والے اجلاس میں مارگلہ اسٹیشن سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ٹرین سروس کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی۔ آئندہ ہفتے اس منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کیے جائیں گے۔
یہ تیز رفتار ٹرین دونوں شہروں کے درمیان سفر کو صرف 20 منٹ میں مکمل کرے گی، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ایندھن کی بچت اور ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ وزارت ریلوے ٹریک فراہم کرے گی جبکہ ریل سروس کی ذمہ داری کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو دی جائے گی۔ مزید برآں، اس منصوبے کے لیے جدید ٹرینیں درآمد کی جائیں گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ منصوبہ جڑواں شہروں کے لیے ایک اہم سہولت ہوگی جو شہریوں کی روزمرہ زندگی کو آسان بنائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعظم کے عوامی ریلیف وژن کا حصہ ہے اور اس سے لاکھوں شہری فائدہ اٹھائیں گے۔




