دوحہ: پاکستان شاہینز نے ایک سنسنی خیز فائنل میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز بنائے اور مکمل طور پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے لیے سعد مسعود نے 38 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے 23 اور عرفات منہاس نے 25 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش اے کی بولنگ میں ریپون منڈول نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راکبول حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایس ایم مہروب، جیشن عالم، اور عبدالغفار ثقلین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
126 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش اے کی ٹیم بھی دباؤ میں دکھائی دی اور 20 اوورز میں صرف 125 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح میچ ٹائی ہو گیا اور فیصلہ سپر اوور میں کیا گیا۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کی ٹیم صرف 6 رنز بنا سکی۔ ریپون منڈول نے 8، عبدالغفار ثقلین نے 15 اور ایس ایم مہروب نے 19 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے احمد دانیال نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور پاکستان شاہینز نے 7 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے صرف چار گیندوں میں پورا کر لیا۔
یوں پاکستان شاہینز نے ایک سنسنی خیز اور دل چسپ مقابلے کے بعد ایشیا کپ رائزنگ سٹارز ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیتا اور بنگلہ دیش اے کو شکست دی۔




