بین الاقوامی

ٹرمپ سے مسلم رہنماؤں کی اہم ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

نیویارک :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مسلم ممالک کے سربراہان کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں مشرق وسطیٰ خصوصاً غزہ کی سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔

صدر ٹرمپ نے اسلامی دنیا کے رہنماؤں سے ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دن کے 32 اجلاسوں میں یہ ملاقات سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مسلم قیادت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور انسانی بحران کے حل کے لیے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

امیر قطر نے اجلاس کے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بند ہونی چاہیے، کیونکہ وہاں انسانی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ اجلاس کسی مؤثر حل تک پہنچنے میں مدد دے گا۔

ملاقات میں سعودی عرب، ترکیہ، قطر، مصر، اردن، انڈونیشیا اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد تمام رہنما میڈیا سے بات کیے بغیر ہال سے روانہ ہو گئے، جس کے باعث ملاقات کی مزید تفصیلات منظرِ عام پر نہ آ سکیں۔

ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن عرب اور دیگر مسلم ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ غزہ میں امن قائم کرنے کے لیے نہ صرف فوجی دستے بھیجیں، بلکہ تعمیرِ نو اور اقتدار کی منتقلی میں بھی مالی معاونت فراہم کریں تاکہ اسرائیلی افواج کے انخلا کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button