لاہور :ملک بھر کی طرح نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) میں بھی 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، روایتی ولولے اور حب الوطنی کے پُرعزم پیغام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سینٹر، نیو کوٹ لکھپت لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ قومی پرچم بلند کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تحریکِ آزادی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں اجتماعی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھنا ہوگا۔
انجینئر محمد شاہد نذیر نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن کا دن نہیں بلکہ قائداعظم کے اصولوں – ایمان، اتحاد اور تنظیم – پر عمل پیرا رہنے کے عہد کی تجدید کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شجاعانہ کردار پر فخر کرتی ہے، جنہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے محنت، دیانت اور لگن کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن سمیت متعدد سینئر افسران، ملازمین، خواتین، بچے اور ادارے کا عملہ بڑی تعداد میں شریک تھا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب کا آغاز سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے مارچ پاسٹ اور سلامی سے ہوا، جبکہ بچوں نے ملی نغموں، خاکوں اور تقاریر کے ذریعے اپنی وطن سے محبت کا خوبصورت اظہار کیا۔




