کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسیجنگ ایپ سنیپ چیٹ نے اعلان کیا ہے کہ اب صارفین کو اپنی پرانی تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رکھنے کے لیے ادائیگی کرنا ہوگی۔ کمپنی نے اپنے ’میموریز‘ فیچر میں تبدیلیاں کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف وہ صارفین جن کا ڈیٹا 5 جی بی سے کم ہوگا، مفت اسٹوریج استعمال کر سکیں گے، جبکہ 5 جی بی سے زائد ڈیٹا رکھنے والوں کو ماہانہ فیس دینی ہوگی۔
سنیپ کمپنی کے مطابق، اب تک صارفین نے ایک کھرب سے زائد تصاویر اور ویڈیوز ’میموریز‘ میں محفوظ کی ہیں، جس کے باعث اسٹوریج سسٹم کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ ابتدائی پلانز میں 100 جی بی اسٹوریج کے لیے ماہانہ 2.99 آسٹریلین ڈالر فیس متوقع ہے، جب کہ زیادہ اسٹوریج کے لیے Snapchat+ اور Snapchat Platinum جیسے پریمیم پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں جن میں 250 جی بی سے 5 ٹی بی تک کی سہولت شامل ہے۔
کمپنی نے 5 جی بی سے زائد ڈیٹا رکھنے والے صارفین کو 12 ماہ کی مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنی میموریز کو اپ گریڈ کریں یا غیر ضروری ڈیٹا حذف کریں۔ یہ نیا نظام عالمی سطح پر مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا اور اس کی آزمائش برطانیہ میں شروع ہو چکی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس اعلان کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل آیا ہے۔ کئی صارفین نے کہا ہے کہ اگر انہیں اسٹوریج کے لیے ادائیگی کرنی پڑی تو وہ سنیپ چیٹ کا استعمال ترک کر دیں گے۔ بعض صارفین نے اس اقدام کو ’لالچ‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کی یادوں پر قیمت لگانے کے مترادف ہے.




