اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے ملک کی سیاسی صورتحال پر دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم کبھی وفاق کو کمزور نہیں کریں گے بلکہ پاکستان کے استحکام کے لیے کام کرتے ہیں۔”
راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ "پاکستان میں صوبوں کے حقوق اور ان کے احترام کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔ سیاسی بیانات سے ملک میں صوبائیت کی تفرقہ بازی نہ ہونے دی جائے۔”
انہوں نے کہا کہ "ہم سب کا پاکستان ایک ہے اور ہم سب کو مل کر ملک کو مضبوط بنانا ہے۔ پنجاب سے متعلق نامناسب بیانات نے ہمیں دکھ پہنچایا ہے۔”
ان کے خطاب کے دوران پارلیمنٹ کا ماحول شدید کشیدہ ہو گیا اور احتجاج کے طور پر پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا۔
پارٹی کا مؤقف ہے کہ وہ کسی بھی ایسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جو وفاق کی کمزوری یا صوبوں کے درمیاں اختلافات کو ہوا دے۔
راجہ پرویز اشرف نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مل کر پاکستان کو اتحاد و یکجہتی کی راہ پر گامزن کریں۔




