ممبئی : سابق اداکارہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی شادی کی اطلاع دی ہے۔ نکاح کی تقریب نہایت سادگی سے منعقد ہوئی، جس کی دو تصاویر زائرہ نے اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کیں۔ ایک تصویر میں وہ نکاح نامے پر دستخط کرتی نظر آتی ہیں، جبکہ دوسری میں اپنے شوہر کے ہمراہ رات کے پرسکون ماحول میں کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ زائرہ نے سرخ دوپٹہ اوڑھ رکھا ہے، جبکہ دلہا کریم رنگ کی شیروانی میں ملبوس ہے۔
مداحوں کی نظر میں یہ تصاویر صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک خاموش پیغام ہیں یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے محض 16 سال کی عمر میں فلم دنگل میں کام کر کے غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی، جس پر انہیں قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد سیکرٹ سپر اسٹار میں ان کی اداکاری نے انہیں نوجوان فنکاروں کی صف میں ممتاز مقام دلایا۔ تاہم، 2019 میں زائرہ نے مذہبی وجوہات کی بنیاد پر فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔
شوبز سے علیحدگی کے بعد زائرہ نے اپنی توجہ دین، روحانیت اور ذاتی اصلاح کی جانب مبذول رکھی۔ ان کی شادی کی خبر ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک خوشگوار حیرت ہے، جس پر سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور دعاؤں کا تانتا بندھ گیا ہے۔




