راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر مصر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے مصر کے وزیر دفاع و پیداوار جنرل عبدالمجید سقار اور مصری مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی اشتراک کو بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مصر ایک برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے انتہا پسند نظریات اور اسلام کی مسخ شدہ تشریحات کے خاتمے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دورے کے دوران، فیلڈ مارشل نے جامعہ الازہر کے امام اعظم شیخ احمد الطیب سے ملاقات کی اور مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو کی۔ انہوں نے یادگار نامعلوم سپاہی اور سابق صدر انور السادات کی قبر پر پھول چڑھائے اور مصر کی وزارت دفاع کی طرف سے گارڈ آف آنر حاصل کیا۔




