پشاور:خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پاک فوج کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے زیر استعمال امریکی ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں، جو پہلی بار منظر عام پر آئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ہتھیار امریکی فوج اور نیٹو کے افغانستان سے انخلا کے بعد چھوڑے گئے تھے، اور بعد ازاں افغان طالبان نے انہیں پاکستان میں خوارج کے حوالے کیا۔ برآمد شدہ اسلحہ پر واضح طور پر امریکی حکومت کی ملکیت درج ہے۔
برآمد ہتھیاروں میں ایم 4 اور ایم 16 رائفلز، سٹیل ہیڈ گولیاں، دھماکا خیز مواد، تاریں اور نائٹ ویژن آلات شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ ہتھیار خوارج کو دور سے اور رات کے وقت بھی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں، اور اسٹیل ہیڈ گولیاں بلٹ پروف جیکٹس سے بھی گزر سکتی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پکڑے جانے والے ہتھیاروں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور یہ خوارج پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہے تھے، جس سے ملکی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔




