اسلام آباد: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان میں شفافیت کے حوالے سے مثبت رجحانات کی نشاندہی کی ہے، جس کے مطابق ملک میں کرپشن کی سطح میں کمی آئی ہے اور اس کا اثر معیشت پر بھی پڑا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این سی پی ایس 2025ء کے تحت 66 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ انہیں کسی بھی سرکاری کام کے لیے رشوت دینے کی ضرورت نہیں پڑی، جو کہ ایک بڑی پیشرفت اور حکومت کی اصلاحات کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی معیشت میں استحکام کی ایک بڑی وجہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والا معاہدہ ہے، جس نے عالمی سطح پر مالیاتی پوزیشن کو مضبوط کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نکلنا بھی معاشی استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوا ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پولیس کے حوالے سے بھی عوامی رائے میں بہتری کی رپورٹ دی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پولیس کے رویے اور سروس ڈلیوری میں بھی بہتری آئی ہے۔ تعلیم، زمین و جائیداد، اور ٹیکسیشن کے شعبوں میں حکومتی اصلاحات کی بدولت عوامی تاثر میں واضح تبدیلی آئی ہے۔




