پاکستان
Trending

کراچی میں شدید دھند، حدِ نگاہ متاثر، متعدد بین الاقوامی پروازیں متبادل ایئرپورٹس منتقل

خبر:
کراچی میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی پروازوں کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب منتقل کر دیا گیا۔

شہر کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستانِ جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس میں دھند چھائی رہی، جبکہ ایم نائن موٹروے پر حدِ نگاہ صفر ہو گئی۔ اس کے علاوہ ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ اور کریم آباد سمیت شہر کے دیگر حصے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہے گا اور رات کے وقت خنکی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

دھند کے باعث چھ بین الاقوامی پروازوں کو کراچی کے بجائے دیگر ایئرپورٹس منتقل کیا گیا۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان کے مطابق، شدید دھند کے باعث بعض پروازوں کو مسقط منتقل کیا گیا، جبکہ جدہ سے کراچی آنے والی ایک نجی ایئر لائن کی پرواز کو اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔ پی اے اے ترجمان نے بتایا کہ محدود حدِ نگاہ کے پیش نظر پروازوں کی منتقلی حفاظتی تقاضوں کے تحت معمول کا عمل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button