ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی نئی لہر داخل ہو گئی ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہو گیا ہے۔ استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گلگت میں شدید خشک سردی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
مالم جبہ میں سورج نکلنے کے بعد موسم قدرے بہتر ہونے پر سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا۔ ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔ قلات میں درجہ حرارت منفی 6، سکردو منفی 5، استور منفی 4، کوئٹہ منفی 3، دیر اور مالم جبہ میں منفی 2 جبکہ راولاکوٹ، گلگت اور ہنزہ میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مری میں درجہ حرارت صفر، چترال میں 1، مظفرآباد اور ایبٹ آباد میں 3، اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں 4، لاہور میں 7، پشاور میں 8 جبکہ کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں سردی کی شدت برقرار ہے۔




