اسلام آباد: آج رات پاکستان کے آسمان پر فلکیاتی شائقین کے لیے ایک شاندار اور نادر منظر دیکھنے کو ملا، جب نظام شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری زمین کے قریب ترین فاصلے پر پہنچا۔ زمین، مشتری اور سورج ایک سیدھی لائن میں آ گئے، جس سے مشتری آج غیر معمولی طور پر روشن اور بڑا دکھائی دیا۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق، مشتری شام 6 بج کر 34 منٹ سے کل صبح 6 بج کر 45 منٹ تک آسمان میں نظر آئے گا۔ سیارہ غروبِ آفتاب کے فوراً بعد طلوع ہوگا اور پوری رات ستاروں کے درمیان سب سے چمکدار اور نمایاں نظر آئے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ مشتری کی زمین کے قریب ترین پوزیشن ہے، جسے Opposition کہتے ہیں۔ اس قسم کے مناظر تقریباً ہر 13 ماہ بعد آتے ہیں، لیکن آج رات کا نظارہ اپنی روشنی اور حجم کی وجہ سے بے مثال اور نادر تھا۔
فلکیاتی شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شام سے لے کر صبح تک آسمان کی طرف نگاہ رکھیں اور اس نادر فلکیاتی منظر سے لطف اندوز ہوں۔




