واشنگٹن :امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کے خلاف جاری فوجی مہم میں "مکمل فتح” کا اشارہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی فوجی کمر توڑ دی گئی ہے۔ پینٹاگون سے جاری ہونے والے اس تازہ ترین بیان نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا فضائی دفاعی نظام (Air Defense) اب قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "ایران کا آسمان اب امریکی عقابوں کے لیے کھلا ہے، وہاں کوئی ریڈار یا میزائل ہمیں روکنے کے لیے باقی نہیں بچا۔
امریکی وزیر دفاع کے مطابق، ایران کی میزائل اور ڈرون بنانے کی تمام بڑی تنصیبات کو زمین بوس کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی میزائل بنانے کی صلاحیت اب صفر ہو چکی ہے، تہران اب جوابی حملے کی سکت کھو چکا ہے۔ ہیگسیتھ نے انٹیلیجنس رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ایک حالیہ ہائی پروفائل حملے میں زخمی ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اس وقت زیرِ زمین بنکروں میں چھپی ہوئی ہے اور ان کا رابطہ اپنی فورسز سے ٹوٹ چکا ہے۔
جنگ کی شدت کے حوالے سے پیٹ ہیگسیتھ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا، "یہ ایران کے لیے آخری وارننگ ہے۔ ہم اب کسی مذاکرات یا رحم پر یقین نہیں رکھتے۔ جب تک تہران کا عسکری غرور خاک میں نہیں مل جاتا، ہمارا قہر برستا رہے گا۔
پینٹاگون کے اس بیان کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔ امریکی بحریہ کے بیڑے ایران کے ساحلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں اور کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔




