کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ‘معرکہ حق’ کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں دشمن ملک بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں نے عالمی سطح پر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ سال کے واقعات کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا 22 اپریل کو بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان پر الزام تراشی کی، جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا تھا۔ پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر ثبوت مانگے اور جنگ سے گریز کی بات کی، لیکن بھارت نے ہماری شرافت کو کمزوری سمجھا۔جب بھارت نے حملہ کیا تو پاک افواج نے چند ہی گھنٹوں میں اسے بتا دیا کہ پاکستان سے ٹکرانے کا انجام کیا ہوتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے خطاب میں اس دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "معرکہ حق میں کامیابی ہمارے لیے کسی عید سے کم نہیں۔ ہم نے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور اس کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔
تقریب کے دوران ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں بھارتی فضائیہ کی ناکامی اور پاکستانی شاہینوں کی جرات مندی کے مناظر دیکھ کر ہال ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعِ وطن کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔
سندھ حکومت کی جانب سے منعقدہ اس تقریب نے یہ پیغام دیا کہ ‘معرکہ حق’ صرف ایک فوجی فتح نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے اتحاد اور بھارت کی تزویراتی شکست کا استعارہ ہے۔




