اسلام آباد : وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے ‘معرکہِ حق’ سیمینار سے خطاب کے دوران بھارتی درندگی کا پردہ چاک کرتے ہوئے ننھے شہید ارتضیٰ عباس اور ان کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ وطن کی مٹی کی حفاظت کے لیے ہم نے کیسی کیسی قیمتیں چکائی ہیں۔ محض 6 سال کی عمر میں ارتضیٰ عباس بھارتی بلااشتعال بمباری کا نشانہ بن کر جامِ شہادت نوش کر گیا، اس معصوم کا لہو پوری قوم پر ایک قرض ہے۔
مصدق ملک نے بتایا کہ جب ننھا ارتضیٰ شہید ہوا، اس کے والد لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس سرحد پر سینہ تان کر ملک کا دفاع کر رہے تھے۔ انہوں نے کرنل ظہیر کے مثالی حوصلے کو پوری قوم کے لیے فخر قرار دیا۔مصدق ملک نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی آزادی کسی تحفے کا نتیجہ نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔
قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطن کے دفاع کے لیے ان گنت جانوں کے نذرانے پیش کیے گئے۔اس معرکے میں دی جانے والی قربانیوں نے ثابت کر دیا کہ دشمن خواہ کتنا ہی بزدلانہ حملہ کیوں نہ کرے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
وفاقی وزیر نے اپنے خطاب کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا پاکستان ہمارا ہے اور اس کی آزادی کی حفاظت کرنا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔ ہم نے اس مٹی کے لیے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، اور اب اس کے وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔




