پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن: فتنہ الخوارج کا ہیڈ کوارٹر تباہ، نامی گرامی کمانڈر جان میر سمیت 23 خارجیوں کا خاتمہ

 

راولپنڈی / پشاور:سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے زیرِ زمین نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران جاری رہنے والے اس گرینڈ آپریشن میں 23 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کی خفیہ سرنگیں اور بنکرز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز خفیہ معلومات کی بنیاد پر صوبے کے حساس علاقوں میں کیے گئے۔ فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 23 خارجیوں کو جہنم واصل کیا گیا، اور ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں جدید ترین اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
حکومت کو مطلوب ‘رنگ لیڈر’ انجام کو پہنچ گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کا انتہائی مطلوب اور خطرناک رنگ لیڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشت گرد جان میر متعدد بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوّث تھا، جس کے باعث حکومت نے اس کے سر کی بھاری قیمت مقرر کر رکھی تھی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی سرپرستی حاصل تھی اور وہ سرحد پار سے ملنے والی فنڈنگ پر پاکستان میں تخریب کاری کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ آپریشن کے دوران فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے خارجیوں کی جانب سے بنائی گئی خفیہ زیرِ زمین سرنگوں اور بنکرز کے پورے جال کو بارود سے اڑا کر تباہ کر دیا۔
علاقے میں خوارج کے ممکنہ بقایاجات اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کا سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button